کوئٹہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ،گھریلو صارفین سمیت صنعتی شعبے اور فلور ملز کو شدید مشکلات کا سامنا

کوئٹہ (سٹی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ صنعتی شعبے اور فلور ملز کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ سرکی روڈ سمال انڈسٹریز سے وابستہ صنعتکاروں اور فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ دن بھر جاری رہنے والی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں تقریباً مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں انہوں نے بتایا کہ ایک سے ڈیڑھ گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے بعد 3سے 4 گھنٹے تک بجلی بند کر دی جاتی ہے، جبکہ یہی صورتحال رات کے اوقات میں بھی برقرار رہتی ہے۔ بجلی کی مسلسل بندش کے باعث صنعتی یونٹس اور فلور ملز اپنی پیداواری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھنے سے قاصر ہیں، جس سے نہ صرف کاروباری نقصانات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ مزدوروں اور اسٹاف سے اضافی اوقات میں کام لینے پر بھی مجبور ہیں۔ اضافی ڈیوٹی کے عوض اوور ٹائم کی ادائیگی سے کاروباری اخراجات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے باعث رات کے اوقات میں صنعتی یونٹس اور ملز چلانا بھی ایک مشکل امر ہے۔ دوسری جانب رات کے اوقات میں زیادہ بجلی استعمال کرنے کی صورت میں بجلی کے نرخ میں اضافے کا مسئلہ بھی درپیش ہے، جس سے صنعتکاروں پر مالی بوجھ مزید بڑھ جاتا ہے صنعتکاروں نے مزید کہا کہ بجلی کے بل پر موجود متعلقہ حکام اور شکایات کے نمبرز پر رابطہ کرنے کی صورت میں بھی کوئی جواب موصول نہیں ہوتا، جس کے باعث صارفین کو اپنی شکایات کے ازالے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کیسکو چیف سے درخواست کی کہ شکایات کے بروقت ازالے اور صارفین کو جواب دہی یقینی بنانے کے لیے اس حوالے سے کوئی موثر اور بہتر لائحہ عمل وضع کیا جائے ان کا کہنا تھا کہ صنعتی ادارے اپنے بجلی کے واجبات بروقت ادا کرنے کے باوجود بجلی کی سہولت سے مستفید نہیں ہو پا رہے، جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ بروقت بلوں کی ادائیگی کے باوجود طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے صنعتوں کی پیداواری صلاحیت متاثر ہونا صنعتی شعبے کے لیے باعث تشویش ہے صنعتکاروں اور فلور ملز مالکان نے حکومت بلوچستان اور کیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتی علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے دورانیے میں اضافہ کیا جائے، غیر ضروری اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ کم کیا جائے اور صنعتوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اور مو?ثر اقدامات کیے جائیں ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبہ روزگار اور صوبائی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے بجلی کی فراہمی میں بہتری کے بغیر صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ممکن نہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P