وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مرکزی عاشورہ جلوس کی قیادت کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں یوم عاشورہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، محرم الحرام کے لیے کیے گئے وسیع تر انتظامات سے آگاہ کیا اور لیاری میں عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے پر تازہ صورت حال سے آگاہ کیا۔
مراد علی شاہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عاشورہ کے دن خاص طور پر وسیع سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، کیوں کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کے دشمنوں کو ناکامی کا سامنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت مشکل صورتحال میں ہے، ایران اور اسرائیل کے تنازعات کے سبب خطے میں خطرات بڑھ گئے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مسلسل چوکس رہنا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی لازوال قربانی اور جرات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی لازوال روایت کی علامت ہے، انہوں نے کہا کہ ہر آنکھ اشک بار ہے اور وہ خود بھی جلوس میں شریک ہوکر سوگواروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔