بھارت کے وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے دھمکی دی ہے کہ اگر کوئی دہشت گرد ہمارے ملک میں کارروائی کے بعد سرحد پار کرجاتا ہے تو پاکستان میں داخل ہو کر اس کو مار دیں گے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے نشریاتی ادارہ سی این این نیوز18 کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر کوئی دہشت گرد کارروائی کرنے کے بعد پاکستان میں جا کر پناہ لیتا ہے تو ہم وہاں داخل ہو کر کارروائی کریں گے۔
بھارتی وزیردفاع کی جانب سے یہ بیان برطانوی اخبار گارجین کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ بھارتی حکومت کے حکم پر بیرونی سرزمین میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے منصوبے کے تحت پاکستان میں 2020 سے اب تک 20 افراد قتل کردیے گئے ہیں۔