نکی ہیلی ریپبلکن صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے دستبردار ہو گئیں جس کے بعد نومبر کے انتخابات میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن کے درمیان دوبارہ مقابلے کی راہ ہموار ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز ’ کی خبر کے مطابق جنوبی کیرولائنا کی سابق گورنر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں اقوام متحدہ میں سفیر رہنے والی نکی ہیلی نے یہ اعلان ’سپر ٹیوزڈے‘ کے ایک دن بعد ایک تقریر کے دوران کیا جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن نامزدگی کے لیے ہونے والے 15 میں سے 14 مقابلوں میں انہیں زبردست شکست دی۔
نکی ہیلی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں اپنی مہم معطل کر دوں، مجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امکان ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن امیدوار ہوں گے لیکن انہوں سابق صدر کی حمایت نہیں کی۔