پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم نے منیبہ علی، عالیہ ریاض کی جارحانہ بیٹنگ اور سعدیہ اقبال، فاطمہ ثنا کی شاندار باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 10 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق یہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ ٹیم کے خلاف دوسری فتح ہے۔ اس کے علاوہ قومی ویمن ٹیم نیوزی لینڈ کو ٹی 20 سیریز میں شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن کے یونیورسٹی اوول اسٹیڈیم میں ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی جانب سے بیٹر منیبہ علی نے 28 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 35، عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں سے سجی 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ بسمعہ معروف اور کپتان ندر ڈار بالترتیب 21 اور 14 رنز بنا سکیں۔
عالیہ ریاض کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام دیا گیا۔