جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے قطر میں حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
جے یو آئی پاکستان کے میڈیا سیل کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ اور سابق سربراہ خالد مشعل سمیت دیگر حماس قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
فضل الرحمن نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچون اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، وقت آگیاہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو۔
اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہاہے، امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوجائے، انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لے کر تل ابیب پہنچ رہے ہیں، امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے میدان میں نکلے ، اپنی ماؤں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے۔