چین کا چاند پر پانی کی تلاش کیلئے روبوٹ بھیجنے کا اعلان – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

چین کا چاند پر پانی کی تلاش کیلئے روبوٹ بھیجنے کا اعلان

چین نے 2026 میں چاند کے جنوبی قطب پر ایک ذہین روبوٹک ”فلائر ڈیٹیکٹر“ بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جو وہاں پانی کی تلاش کرے گا۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی خلائی ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ یہ مشن مستقبل میں چاند پر ایک تحقیقاتی سٹیشن کے قیام کیلئے بنیادی کام انجام دے گا، فلائنگ روبوٹ ”چانگ ای-7“ مشن کا حصہ ہوگا، جس میں ایک مدار گرد (آربیٹر)، ایک لینڈر، ایک قمری روور اور ایک فلائنگ روبوٹک ڈیٹیکٹر شامل ہوگا۔

یہ مشن چاند کے ان دائمی سائے والے گڑھوں میں پانی کی موجودگی اور تقسیم کی تصدیق کرے گا، جہاں سورج کی روشنی کبھی نہیں پہنچتی، مشن کے نائب چیف ڈیزائنر تانگ یوہوا کے مطابق، چانگ ای-7 مشن کا مقصد چین کی قمری تحقیقاتی صلاحیتوں کو جانچنا ہے کہ آیا وہ چاند کے کسی بھی حصے میں پہنچ سکتی ہے۔

تانگ یوہوا نے کہا کہ اگر چاند پر پانی کی برف کی شکل میں کامیابی سے نشاندہی ہوگئی تو اس سے زمین سے پانی لانے کے اخراجات اور وقت میں نمایاں کمی آئے گی، اس کے نتیجے میں چاند پر انسانی بیس کے قیام اور مریخ یا دیگر خلائی مشنز کے لئے مزید تحقیق میں آسانی ہوگی۔

مشن کے نائب چیف ڈیزائنر کے مطابق یہ فلائنگ ڈیٹیکٹر ایک ”انتہائی ذہین روبوٹ“ ہوگا جو چاند کی سطح پر مختلف ڈھلانوں پر بار بار اترنے اور واپس اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بالکل ایسے جیسے کوئی انسان اونچائی سے چھلانگ لگانے کے بعد اپنے گھٹنوں کو موڑتا ہے، یہ روبوٹ لیگ ٹریکٹری پلاننگ اور جوائنٹ ڈریون موومنٹ کے ذریعے چاند کی سطح پر نقل و حرکت کرے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.