امریکی محکمہ ڈاک نے امریکی صدر کی جانب سے عائد کردہ نئے ٹیرف نافذ العمل ہونے کے بعد چین اور ہانگ کانگ کے پارسلز کی وصولی تاحکم ثانی بند کردی تاہم خطوط کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ ڈاک (یو ایس پی ایس) نے کہا ہے کہ اس نے اگلے نوٹس تک چین اور ہانگ کانگ سے پارسل قبول کرنے کا سلسلہ بند کردیا ہے، کمپنی نے اس فیصلے کی وجہ بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ معطلی سے خطوط متاثر نہیں ہوں گے۔
امریکا میں منگل سے نئے ٹیکس قوانین کے نفاذ کے بعد اس چھوٹ کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کے تحت 800 ڈالر یا اس سے کم مالیت کے چھوٹے پیکجز کو ٹیکس یا فیس ادا کیے بغیر امریکا بھیجا جا سکتا تھا۔
یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اعلان کردہ اقدامات میں سے ایک تھا جن کے تحت چین سے امریکا کو درآمد کی جانے والی تمام اشیا پر اضافی 10 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا تھا۔