پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل ایک اور اہم تبدیلی ہوئی ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے معروف فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے بدلے وسیم جونیئر اور ابرار احمد کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کے تبادلے اور ایک فرنچائز سے دوسری فرنچائز میں منتقلی کا عمل جاری ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں سیزن کی دوسری اہم تبدیلی کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ سے کھلاڑیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا اور فاسٹ باؤلر محمد نسیم کے بدلے وسیم جونیئر اور اسپنر ابرار احمد کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اس پیشرفت کی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر تصدیق کی جبکہ نسیم نے بھی دلچسپ پوسٹ کے ذریعے اپنی اسلام آباد روانگی کا اعلان کیا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کی ٹیم بھی نسیم شاہ کی خدمات لینے میں دلچسپی رکھتی تھی جبکہ پشاور زلمی بھی نسیم شاہ کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنانے کے لیے کوشاں تھی لیکن یونائیٹڈ کی ٹیم نے سیزن کی ایک اور اہم ٹریڈ کرتے ہوئے نسیم کو ٹیم کا حصہ بنا لیا۔
ایسا مانا جا رہا ہے کہ نسیم شاہ خود بھی گلیڈی ایٹرز سے جانے میں دلچسپی رکھتے تھے اور ان کی سیزن سے قبل یونائیٹڈ روانگی کی وجہ بھی یہی ہے۔