ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات وزیراعظم شہباز شریف کی کرغز صدر سے ملاقات سے قبل بشکیک میں ہوئی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کرغزستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کامیاب صدارت اور مؤثر میزبانی پر مبارکباد پیش کی اور ایس سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کرغز قیادت کے کردار کو سراہا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کرغزستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی 2026-27 کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ایس سی او کے ایجنڈے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گا۔
کرغز وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ایس سی او اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
