شیل پاکستان نے کہا ہے کہ اس کی پیرنٹ کمپنی کے یونٹ شیل پیٹرولیم کمپنی نے سعودی عرب کی فرم وافی انرجی کے ساتھ مقامی آپریشن فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق شیل پیٹرولیم کمپنی کے مطابق توقع ہے کہ ریگولیٹری منظوری ملنے پر 2024 کی چوتھی سہ ماہی تک فروخت کا عمل مکمل ہوجائے گا۔
جون میں شیل پیٹرولیم کمپنی نے بتایا تھا کہ وہ اپنے 77 فیصد شیئر ہولڈنگ بیچ کے پاکستان سے چلی جائے گی۔
یہ قدم شیل کے اپنے عالمی آپریشن کے حوالے سے متعدد اعلانات اور شیل پاکستان (ایس پی ایل) کے 2022 میں شرح تبادلہ، پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، واجب الادا وصولیوں میں ہونے والے نقصانات اور ملک کے مالی بحران اور اقتصادی سست روی کے بعد سامنے آیا۔