بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دھماکوں میں مجموعی طور پر ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نیو سبزل روڈ اور سریاب میں 2 دھماکے ہوئے جس میں ایک معمر شخص جاں بحق ہوگیا۔
نیو سبزل روڈ پر ہونیوالے دھماکے سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز طارق جواد نے بتایا کہ دھماکے میں8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر جاں بحق ہوا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جائے دھماکا کی حدود میں کوئی انتخابی پروگرام نہیں ہو رہا تھا، انتخابی گہما گہمی سے متعلق شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
دوسرا دھماکا سریاب کے علاقے کلی غلام جان میں کچرے کے ڈھیر میں ہوا جس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے شہر تربت میں دستی بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق تربت میں دستی بم کا دھماکا شہر کے مین روڈ پر بازار کے قریب ہوا ہے، جہاں نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ دھماکے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو تربت ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا۔