غزہ (ویب ڈیسک) فلسطین نے بین الاقوامی برادری سے غزہ تنازع کے خاتمے میں مداخلت کی پھر اپیل کر دی۔
صدارتی ترجمان نبیل ابو رودینہ نے نے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس کی قیادت میں فلسطینی اتھارٹی پہلے دن سے ہی تنازعات کے خاتمے اور فلسطینیوں کو تباہی سے بچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت2 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کی شہادت، انہیں زخمی کرنے، حراست اور لاپتہ ہونے کا سبب بنی ہے، انہوں نے کہا کہ صدر محمود عباس جنگ بندی کو تیز کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 کو نافذ کرنے کے لئے عرب اور بین الاقوامی فریقین کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قیادت کا خیال ہے کہ یہ وقت ہے کہ قابض ریاست کو مجبور کیا جائے کہ وہ غزہ میں لوگوں کے خلاف اپنے جامع تنازعات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں جاری اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکے۔
صدارتی ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کا حصول عرب اور بین الاقوامی قانونی جواز کے احترام پر منحصر ہے، انہوں نے بڑے ممالک پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کریں اور اسرائیل کو دیئے گئے استثنیٰ کو ختم کریں۔