عالمی بینک کی قرضوں کے مؤثر انتظام کیلیے پاکستان کو تکنیکی معاونت کی پیشکش – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

عالمی بینک کی قرضوں کے مؤثر انتظام کیلیے پاکستان کو تکنیکی معاونت کی پیشکش

عالمی بینک نے پاکستان کو بجٹ سازی کے عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، عوامی مالیاتی انتظام میں شفافیت اور احتساب کے فروغ اور قرضوں کے مؤثر انتظام کے لیے تکنیکی معاونت کی پیشکش کی ہے۔

ورلڈ بینک نے یقین دہانی کروائی ہے کہ عالمی بینک زرعی آمدنی ٹیکس کے نظام، جی ایس ٹی کی ہم آہنگی اور قومی ٹیکس کونسل کے فعال کردار سمیت اہم شعبوں میں اصلاحات کے لیے پاکستان کو اپنی مکمل معاونت فراہم کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نائجی بن حسین نے اپنی ٹیم کے ساتھ منگل کو خزانہ ڈویژن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اہم ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں اقتصادی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ ملاقات میں وفاقی وزیر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے عالمی بینک کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے مختلف شعبوں میں عالمی بینک کی مالی اور تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے حکومت کے مالیاتی نظم و ضبط، پائیدار ترقی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اجلاس میں ٹیکس پالیسی کا ایک مضبوط اور شفاف فریم ورک تشکیل دینے پر بات چیت کی گئی تاکہ محصولات میں اضافہ، ٹیکس نیٹ میں وسعت اور ٹیکس وصولی کے عمل میں بہتری لائی جا سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.