آئینی ترامیم پر حمایت: بلاول، اسحاق ڈار، محسن نقوی کی فضل الرحمان سے ملاقاتیں – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

آئینی ترامیم پر حمایت: بلاول، اسحاق ڈار، محسن نقوی کی فضل الرحمان سے ملاقاتیں

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترامیم پر وزیراعظم شہباز شریف اور فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی ہیں، بلاول کے پہنچنے کے بعد محسن نقوی اور اسحاق ڈار بھی پہنچ گئے جبکہ آصف زرداری کی آمد متوقع ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمن، نوید قمر اور مرتضی وہاب بھی شامل تھے۔

بلاول بھٹو زراری وہاں سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش پہنچے جہاں بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ان کا استقبال کیا۔ وہ آج صبح ہی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔

بلاول کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی اور آئینی ترامیم پر بات کی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی وفد عمران خان سے ملنے اڈیالہ جیل چلا گیا، پی ٹی آئی وفد عمران سے ملاقات کے بعد واپس فضل الرحمان کی رہائش گاہ آئے گا۔

بلاول اور فضل الرحمان کے درمیان ملاقات جاری رہی، اطلاعات آئیں کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی بھی آمد متوقع ہے۔

مزید برآں مسلم لیگ ن کے رہنما، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے رضامند کرنے پہنچے اور ملاقات کی۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کی اور روانہ ہوگئے۔

یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز بھی فضل الرحمان سے دو ملاقاتیں کی تھیں، پہلی ملاقات کے وقت کل پی ٹی آئی کا وفد پہلے سے موجود تھا جس پر بلاول نے باہر رک کر فضل الرحمان کا انتظار کیا تھا۔

پی ٹی آئی وفد کی آج کے دن دوسری بار آمد

پاکستان تحریک انصاف کا وفد دوبارہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچ گیا اور پی ٹی آئی وفد نے بانی چئیرمین سے ملاقات پر مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو بانی چئیرمین کا پیغام پہنچایا، پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آئینی ترامیم پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پیر تک آئینی ترامیم پر مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.