کوئٹہ(اے پی پی )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں 7روزہ انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری رہی ۔ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینیٹر انعام الحق کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں 7روزہ انسداد پولیو مہم 9ستمبر سے شروع ہوگئی تھی جو10ویں ستمبر کو دوسرے روز بھی جاری رہی۔انعام الحق نے کہا کہ پہلے روز کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، ہرضلع کے انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں ،یہ مہم صوبے میںحالیہ پولیو کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے پیش نظر شروع کی گئی ہے۔مہم کے دوران26لاکھ55ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے پولیو مہم کے دوران11 ہزار555کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی۔جن میں 9ہزار 247موبائل ٹیمیں،945فکسڈسائٹ او ر595ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ صوبے میں پولیو کیس کی موجودگی کی وجہ سے والدین اس خصوصی مہم میں پولیو ٹیم کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں انعام الحق نے کہا کہ سول سوسائٹی، اساتذہ اور علما کرام خصوصی طور پر اس مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ بلوچستان میں تین سال بعد رواں سال چمن، ڈیرہ بگٹی، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، جھل مگسی، ژوب،سیف اللہ اور خاران میں پولیو کے12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
You might also like