غیر ملکیوں نے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری واپس لے لی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

غیر ملکیوں نے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری واپس لے لی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق گھریلو بانڈز میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کے باعث اگست کے پہلے 15 دنوں میں 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی نمایاں سرمایہ کاری واپس لی گئی ہے۔

سرمایہ کاری کی آمد میں اچانک کمی کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں لیکن سرمایہ کار اس کی وجہ ٹریژری بلز پر کم ہوتے منافع کو قرار دیتے ہیں جو مستقبل قریب میں مزید کم ہوسکتا ہے۔

موجودہ مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی) میں ٹریژری بلز کی مد میں ریکارڈ سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی جس کا مجموعی حجم 25 کروڑ 83 لاکھ ڈالرز تھا۔

اسٹیٹ بینک کے جمعے کو جاری کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اگست میں سرمایہ کاری کی آمد میں تیزی سے کمی واقع ہوئی، جو سرمایہ کاری کی حکمت عملی میں تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے، جبکہ مالیاتی ماہرین نے دو اہم عوامل کی وجہ سے ٹی بل کی آمد میں مزید کمی کی پیش گوئی کی ہے۔

ان عوامل میں ٹی بلز پر منافع میں کمی اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے 7 ارب ڈالرز کا قرضہ حاصل کرنے میں حکومت کو درپیش مسائل شامل ہیں، جس میں مبینہ طور پر آئی ایم ایف نے پاکستان کو چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 12 ارب ڈالرز کا رول اوور حاصل کرنے کی شرط عائد کی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.