پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی مرتبہ کمی کا امکان – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی مرتبہ کمی کا امکان

وفاقی حکومت اگر پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا فیصلہ نہ کرے تو مسلسل چوتھی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں 15 ستمبر سے تقریبا 10 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

باخبر ذرائع نے کہا کہ گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 5 ڈالر فی بیرل کی کمی آئی ہے، ایکسچینج ریٹ کے حتمی حساب کتاب اور موجودہ ٹیکس کی شرح کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 10 سے 11 روپے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے۔

تاہم حکومت پیٹرولیم لیوی کی شرح کو 5 روپے فی لیٹر بڑھا سکتی ہے تاکہ کم قیمتوں کا سے فائدہ اٹھا کر موجودہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ایف بی آر کے 100 ارب روپے کے محصولات کے خسارے کا کچھ حصہ پورا کیا جا سکے، اس صورت میں قیمت میں کمی تقریباً 5 سے 6 روپے فی لیٹر ہوگی۔

حکام نے بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 81 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 76 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آ گئی جب کہ گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 88.5 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر تقریباً 83 ڈالر فی بیرل ہو گئی، موجودہ پندرہ دن کے دوران پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر درآمدی پریمیم عام طور پر 8.5 اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا، دوسری جانب ایکسچینج ریٹ بھی مستحکم رہا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.