وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کیلئے کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کیلئے سپریم کورٹ میں کیس فائل کرے گی، تمام چیزوں کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے گی، فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے جبکہ ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عطا تارڑ نے حکومت نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا، سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی کو بن مانگے ریلیف دیا گیا، حکومتی اور اتحادی پارٹیوں نے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کہیں پر پارٹی نہیں تھی، ان کے ممبران نے نہیں کہا ہم پی ٹی آئی کے ممبر ہیں، سب نے سنی اتحاد کونسل کا حلف نامہ جمع کرایا۔