پاکستان اور برطانیہ کا ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر مذاکرات کا چھٹا دور – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پاکستان اور برطانیہ کا ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر مذاکرات کا چھٹا دور

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر مذاکرات کا چھٹا دور اسلام آباد میں ہوا۔ ترجمان کے مطابق مذاکرات کے دوران ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق موضوعات پر بات چیت ہوئی، فریقین نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے مسائل پر بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق فریقین نے نئی ٹیکنالوجیز، اے آئی کے فوجی استعمال اور جوہری ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال پر اپنے نقطہ نظر کا اشتراک کیا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی کے ایجنڈے، تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس پر بھی بات چیت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اور کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی تنظیم سے متعلق امور بھی زیرغور آئے، فریقین کے درمیان بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں ممالک نے ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق امور پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ کامران اختر اور ڈائریکٹر کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس برطانیہ سٹیفن نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔اس موقع پر مذاکرات کے انعقاد میں تسلسل کو یقینی بنانے کی ضرورت کا اعادہ کیا گیا ، فریقین نے مشاورت کا ساتواں دور اگلے سال لندن میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخ پر منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.