پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت پارٹی اختلافات پر پھٹ پڑے اور کہا کہ شبلی فراز، عمر ایوب کو لیڈر نہیں مانتا، خود کو پارٹی کی احتجاجی تحریک سے الگ کرنے کا اعلان کرتا ہوں، شبلی فراز اور عمر ایوب کو مظاہروں کیلیے بندے جمع کرنے کا چیلنج بھی کردیا، بانی پی ٹی آئی سے اب اس وقت ملاقات کروں گا جب وہ خود بلائیں گے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کچھ متنازع باتیں کروں گا کل بھی عمران خان سے ملاقات کے لیے آیا جس پر سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ عمران خان آپ سے علیحدہ ملیں گے اور آج بھی جیل سپرنٹنڈنٹ نے ملاقات نہیں کرائی، شبلی فراز اور عمر ایوب نے میری یہ ملاقات نہیں ہونے دی، شبلی فراز نے اس لیے کہ ن لیگ کہتی ہے اگر شیر افضل کو پی اے سی کا چئیرمین بنائیں گے تو ہمیں قبول نہیں ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میرے اپنے لوگ ہماری ٹانگیں کھینچ رہے ہیں شبلی فراز نے عمران خان کو کہا ہے کہ سعودی سفیر نے کہا شیر افضل کو چئیرمین نہ بنائیں، مجھے اس ریس سے آؤٹ سمجھیں مجھے چئیرمین نہ بنائیں۔