پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک فوج کے زیر نگرانی کاکول ایبٹ آباد میں ہونے والے فٹنس کیمپ کے لیے حال میں ریٹائرمنٹ واپس لینے والے آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ باؤلر محمد عامر سمیت 29 کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کیمپ پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا، کیمپ آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹس کے لیے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے حکمت عملی کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے۔
آئندہ آنے والی سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی 20 ہوم سیریز، آئرلینڈ، انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز، اور ویسٹ انڈیز، امریکا میں ہونے والا ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 شامل ہیں۔
پی سی بی نے کہا کہ کیمپ 26 مارچ سے شروع ہوکر 8 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا، کھلاڑی آج ہی کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔