کوئٹہ(خ ن) نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے پرامن انتخابی عمل کو سراہتے ہوئے نتائج کو قبول کرنے پر زور دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں بلوچستان کے وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے آج صوبے میں انتخابی نتائج کی تقریباً تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کامیابی کا سہرا الیکشن کمیشن کے عملے اور سیکیورٹی فورسز کی انتھک محنت کو قرار دیا۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے انتخابی عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لیا اور نتائج کو خوش اسلوبی سے قبول کیا۔ نگران صوبائی وزیر جان اچکزئی نے جیتنے والے امیدواروں کے نتائج کو تسلیم نہ کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ جمہوری مینڈیٹ کا احترام کریں اور کسی بھی قسم کے خدشات کو دور کرنے کے لیے دستیاب قانونی راستے استعمال کریں۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ احتجاج، دھرنے، اور سڑکوں پر رکاوٹیں صرف عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو بڑھاتی ہیں، جس سے ایمبولینسوں اور ہنگامی خدمات تک رسائی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
You might also like