ڈیرہ اسمٰعیل خان: دہشتگردوں کا تھانے پر حملہ، 10 اہلکار شہید – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ڈیرہ اسمٰعیل خان: دہشتگردوں کا تھانے پر حملہ، 10 اہلکار شہید

خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل درابن میں تھانہ چودہوان پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

’ریجنل پولیس افسر (آر پی او) ناصر محمود نے حملے کی تصدیق کی ہے، یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد میں محض 3 روز باقی رہ گئے ہیں۔

ناصر محمود نے بتایا کہ رات 3 بجے کے قریب دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے تھانہ چودہوان پر حملہ کیا، پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان ڈھائی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوگئے،

پولیس کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈا پور نے خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 30 سے زائد دہشت گردوں نے 3 اطراف سے حملہ کیا، ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.