کوئٹہ(پ ر) بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ حلقہ این اے 263 سے امیدوار نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے این اے 263 کے عوام خاص طور پر خواتین کی سیاسی و شعوری حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین صوبے کی سیاسی عمل کا حصہ بن کر صوبہ اور ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو خواتین رہنماﺅں نازیہ ناز ،صدیقہ کاظمی، صابرہ سلطانہ ایڈووکیٹ کی قیادت میں حلقہ کی خواتین سے سراوان ہاﺅس میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلوچستان گرینڈ الائنس کے مرکزی رہنماءرضاءالرحمن، شمس بازئی ودیگر بھی موجود تھے ۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے ہر شخص کے ساتھ میرا رشتہ ہے اور اس رشتہ کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے میرے ذہن میں صوبہ اور شہر کیلئے ایک خاکہ ہے اور ایک سیاسی شعوری فیصلہ کے ساتھ آگئے بڑھتے ہوئے 8 فروری کو عوام کی طاقت سے پارلیمنٹ میں جانا چاہتا ہوں جہاں صوبہ اور شہر کی نمائندگی کرکے وفاق اور بلوچستان میں قومی ڈائیلاگ کا آغاز کرسکوں۔کامیاب ہوکر پارلیمنٹ میں صوبے کے اجتماعی قومی معاملات پر قانون سازی کے ساتھ ساتھ کوئٹہ شہر کیلئے میگا سٹی پراجیکٹ لانے ، شہر کو ڈرگ فری سٹی بنانے اور تعلیم یافتہ خواتین اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے ٹیکنکل ادارے قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا،انہوں نے کہا کہ این اے 263 کے عوام خاص طور پر خواتین کی سیاسی و شعوری حمایت پر ان کا شکر گزار ہوںانہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عوام کی تائید و حمایت سے پارلیمنٹ میں پہنچ کر کوئٹہ شہر میں خواتین کیلئے ایسا کمپلیکس قائم کریں گے جہاں خواتین کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔ قبل ازیں خواتین رہنماوں نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کے سیاسی نظریہ سے اتفاق کرتے ہوئے ان سے بھرپور تعاون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کو کوئٹہ شہر کی خواتین اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے این اے 263 پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کے انتخابی نشان انار پر مہر ثبت کریں۔
You might also like