پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پرانے سیاستدانوں نے معاشرے اور اداروں کو تقسیم کردیا جس کی وجہ سے پاکستان کی صورت حال آج خطرناک ہے۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ایک بار پھر ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے سیاستدان چوتھی بار بھی کرسی کیلیے کوشش کررہے ہیں جبکہ انہیں عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور سوائے پیپلزپارٹی کے کسی جماعت کے پاس اس کو قابو کرنے کا منصوبہ نہیں ہے کیونکہ باقی سیاسی جماعتیں اپنے لیے اور پی پی عوام کی فلاح و بہبود کیلیے الیکشن لڑ رہی ہے۔