غیر شرعی نکاح کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔
ابتدائی طور پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوئے تاہم وکلا غیر حاضر رہے۔
بعد ازاں جب وکلا عدالت پہنچے تو بشریٰ بی بی عدالت سے اُٹھ کر چلی گئیں، جس پر وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، وہ جیل سے ہسپتال چلی گئی ہیں۔
جج قدرت اللہ نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی عدالت میں حاضر تھیں، کیا انہوں نے کسی سے باہر جانے کی اجازت لی تھی؟ عدالت سے واپس جانے کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، آپ تو وکیل ہیں آپ کو نہیں پتا؟