مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملے کے مترادف ہے، ترازو کو ایک لاڈلے جانب جھکایا جارہا ہے۔
کراچی پہنچنے کے بعد نجی ہوٹل میں پارٹی عہدیداران اور شمولیت کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلے کے نشان کے حوالے سے حقیقت پر مبنی فیصلہ دیا، پشاور ہائیکورٹ نے اس پر حکم امتناع جاری کر کے الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتوں کے ان فیصلوں پر دلجمعی کے ساتھ بولنا چاہیے اور اس پر بھرپور طریقے سے آواز اٹھانی چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 8فروری کے انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، لاڈلے کے ذریعے ملک کی تباہی کی گئی اور اب دوبارہ ویسا ماحول بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔