الیکشن کمیشن کا وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

الیکشن کمیشن کا وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایڈووکیٹ سید عزیز الدین کاکاخیل کی جانب سے دائر درخواست میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور احد چیمہ اور فواد حسن سمیت ان کی کابینہ کے بعض دیگر ارکان کو ہٹانے کی استدعا کی گئی تھی۔

 

 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قریب سمجھے جانے والے سابق بیورو کریٹس اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری رہنے والے فواد حسن اور شہباز شریف کی پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے دوران ان کے ہمراہ کام کرنے والے، ان کی وزارت عظمیٰ کے دوران ان کے معاون کے طور پر کام کرنے والے احد چیمہ اور سابق پرنسپل سیکریٹری سید توقیر حسین کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔

آج درخواست پر سماعت کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ احد چیمہ گزشتہ کابینہ کا حصہ رہے ہیں، احد چیمہ انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر مشیر کے عہدے الگ کردیاجائے۔

 

 

الیکشن کمیشن پاکستان کے فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن وزیر اعظم کے ایک اور مشیر فواد حسن فواد سے متعلق درخواست پر 21 دسمبر کوسماعت کرےگا۔

انتخابات کے لیے نگراں وفاقی وزرا کو ہٹانے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر لا نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا جس میں سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا۔

 

ایڈووکیٹ سید عزیز الدین کاکاخیل کی جانب سے دائر درخواست میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کی کابینہ کے بعض دیگر ارکان کو ہٹانے کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست میں الیکشن کمیشن سے (نگران وفاقی کابینہ میں شامل) احد چیمہ، فواد حسن فواد اور وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری سید توقیر حسین کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔

 

 

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان افراد کے نگران حکومت میں ہونے کی وجہ سے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، اگر حکومت شفاف الیکشن چاہتی ہے تو ان لوگوں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔

درخواست گزار نے کہا تھا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے وفاقی کابینہ کے ’جانبدار ارکان‘ کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔

الیکشن کمیشن نے مذکورہ درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، فواد حسن فواد احد چیمہ اور عزیز الدین کاکا خیل کو نوٹس جاری کیے تھے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ درخواست ایک ایسے موقع پر منظور کی گئی جب اس سے ایک روز قبل ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن 2024 کا انتخابی شیڈول جاری کردیا تھا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.