حکومت نے وفاق کی فنڈنگ سے چلنے والے 335 صوبائی منصوبوں کی ری اسٹرکچرنگ یا کیپنگ سے قبل وزرائے اعلیٰ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ رواں مالی سال کے دوران تقریباً 150 ارب روپے کی گنجائش پیدا کی جاسکے۔
اس کا مقصد وفاق کے اخراجات کو کم کرنا ہے تاکہ آئی ایم ایف کے 3 ارب ڈالر کے جاری پروگرام کے فائنل جائزے کو کامیابی سے مکمل کیا جاسکے۔
ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے جمعرات کو اجلاس طلب کیا تھا، جس میں وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزرائے خزانہ اور چیف سیکرٹریز اور خزانہ اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزرا کو بلایا گیا تھا، تاہم دو صوبائی وزرائے اعلیٰ کی عدم دستیابی کے باعث اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔
نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت جمعے یا پیر کو ایک بار پھر اجلاس کا اہتمام کیا جا رہا ہے، وہ آج وزارت منصوبہ بندی سے بھی مشاورت کریں گی۔