معروف اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے سال 2023 کے آخر میں سب سے زیادہ پلیٹ فارم میں دیکھے جانے والی مقبول سیریز اور فلموں کی تازہ فہرست جاری کی ہے جس میں یہ تفصیلات بھی موجود ہیں کہ شائقین نے کون سی سیریز کتنے گھنٹے دیکھی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری نئی پریس ریلیز کے مطابق نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب سال میں دو بار ’واٹ وی واچ‘ (What We Watched) کے نام سے ایک ’جامع رپورٹ‘ جاری کریں گے جس میں ان مقبول سیریز اور فلموں کی تفصیلات موجود ہوگی جنہیں شائقین نے بہت زیادہ دیکھا ہے۔
ان ٹی وی سیریز اور فلموں کے نام درج ہوں گے جو پورے دنیا میں ریلیز کی گئی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والی پہلی رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز ’دی نائٹ ایجنٹ سیزن ون‘ کو پوری دنیا میں 81 کروڑ 20 لاکھ گھنٹے دیکھا گیا۔
اس کےعلاوہ دوسرے نمبر پر ’جنی اور جارجیا سیزن ٹو‘ کو پوری دنیا میں 66 کروڑ 51 لاکھ گھنٹے دیکھا گیا، تیسرے نمبر پر جنوبی کوریا کی سُپر ہٹ سیریز ’دی گلوری سیزن ون‘ کو 62 کروڑ 28 لاکھ گھنٹے، چوتھے نمبر پر ’ویڈنزڈے‘ سیریز 50 کروڑ 77 لاکھ گھنٹے اور پانچویں نمبر پر ’کوئن شارلٹ: برجرٹن اسٹوری‘ کو 50 کروڑ 30 لاکھ گھنٹے دیکھا گیا۔