مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں سیاست کے لیے جھوٹ نہیں بولتا۔ سندھ میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار ہم نے شروع کی۔
سابق وزیراعظم نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا مری کے بھائیوں اور دوستوں سے مضبوط رشتہ ہے ۔ آج یہاں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کرکے خوشی ہو رہی ہے۔ مری میرا دوسرا گھر ہے، بچپن سے پسند ہے۔ مری کا حسن واپس آنا چاہیے، یہاں ترقیاتی کام ہونے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے مری تک بہت خوبصورت سڑک بنی ہے۔ ہم نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ محنت کرکے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ ہم نے دن رات محنت کرکے قلیل مدت میں بجلی کے متعدد منصوبوں کو مکمل کیا۔
قائد مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ 50 سال سے سن رہا تھا کہ سندھ میں کوئلے کی کانیں ہیں۔ ہم نے سندھ میں کوئلے کی کانوں میں کام شروع کیا اور اس سے بجلی کی پیداوار شروع کی۔ میں سیاست کے لیے جھوٹ نہیں بولتا۔ 20، 20 سال کے نامکمل منصوبے ہم نے مکمل کیے۔ ہم نے کوئلہ نکالنا شروع کیا، بجلی کا کارخانہ لگایا۔ کوئلے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی بنا سکتے ہیں۔