پاکستان کو 6 فیصد معاشی نمو کی جانب لے جانے کا عزم ہے: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے بعد اب پائیدار اور ذمہ دارانہ معاشی نمو کی جانب بڑھنا ہے، حکومت ملک کو 6 فیصد معاشی نمو دے سکتی ہے، تاہم اس مقصد کے لیے ساختی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔

کراچی میں میوچل فنڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سوال کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام آچکا ہے تو اب آگے کہاں جانا ہے، یہ ایک جائز سوال ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پائیدار اور ذمہ دارانہ معاشی ترقی کے لیے میکرو اکنامک استحکام بنیادی ضرورت ہے، یہ عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ ملکی معیشت کی بنیادی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب کے بعد پاکستان کو امداد کے لیے جنیوا جانا پڑا تھا، تاہم 2025 میں اس سے بڑا سیلاب آنے کے باوجود ملک نے خود صورت حال کا مقابلہ کیا، مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو نو ماہ ہوچکے ہیں اور پاکستان اس کے اثرات کا بھی مقابلہ کر رہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ جب بھی معاشی استحکام آتا ہے تو معاشی نمو کی بات شروع ہوتی ہے، گورنر اور ہم مل کر ملک کو 6 فیصد معاشی نمو دے سکتے ہیں، اس کے لیے ساختی اصلاحات جاری رکھنا اور زراعت سمیت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے لیے مالی وسائل تک رسائی بڑھانا ضروری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت قومی بچت کے نظام کو نئی شکل دے رہی ہے جبکہ کارپوریٹ بانڈز کے اجرا پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، میوچل فنڈز ایسوسی ایشن کو اپنا دائرہ کار بڑھانا اور نئی نسل خصوصاً جنریشن زی (Gen Z) پر توجہ دینی چاہیے، میوچل فنڈز کے شعبے میں جدت لانے کے لیے ایسوسی ایشن اپنی سفارشات پیش کرے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور اسٹیٹ بینک تعاون کے لیے تیار ہیں، ٹیکس پالیسی وزارت خزانہ کے پاس آچکی ہے اور اب پالیسی کا محور صرف آمدن اور اخراجات تک محدود نہیں رہا، دنیا کے بہترین تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے پروفیسر وسیم کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

محمد اورنگزیب کا میوچل فنڈز کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ حکومت تعاون اور مدد کے لیے تیار ہے، متعلقہ شعبے کے نمائندے اپنی تجاویز لے کر آئیں تاکہ معاشی ترقی اور مالیاتی شعبے میں جدت کو فروغ دیا جاسکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P