وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خلا باز محمد ذیشان سے براہ راست رابطہ، حوصلہ بڑھایا
وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خلائی سٹیشن پر موجود پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کی۔
وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے سپارکو کا دورہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلا باز ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا، یہ رابطہ پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے، جس کے ذریعے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو مدارِ زمین میں موجود اپنے خلاباز سے براہِ راست گفتگو کا موقع ملا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے، محمد ذیشان علی پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، ان کی کامیابی پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔