ایلون مسک کا ہر امریکی بچے کو اسپیس ایکس کے 2 شیئرز دینے کا اعلان

ٹیکنالوجی کمپنی اسپیس ایکس کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکا کے ہر بچے کو اسپیس ایکس کے 2 شیئرز تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایلون مسک نے تقریباً 18 ارب ڈالر مالیت کے ان حصص کی تقسیم کا اعلان گزشتہ روز اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس تعینات کرنے کی امریکی منظوری ملنے کے محض چند گھنٹوں بعد کیا۔

ایلون مسک مصنوعی ذہانت کی صنعت میں اسپیس ایکس کے کردار کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں حالانکہ کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کی تیز رفتار ترقی اس کے ماحولیاتی اثرات اور ٹیکنالوجی ارب پتیوں کے معاشی و سیاسی اثر و رسوخ کے حوالے سے خدشات کو جنم دے رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک مختصر پوسٹ میں ایلون مسک نے کہا کہ بچوں کو ایک شیئر اسپیس ایکس کمپنی کی جانب سے جبکہ ایک شیئر ذاتی طور پر ان کی طرف سے ملے گا۔

ایک الگ پوسٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ اسپیس ایکس کمپنی کی جانب سے دیے جانے والے حصص اگلے ماہ منتقل کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’براہِ راست میری جانب سے دیا جانے والا شیئر اگلے سال جون میں میرے حصص کی فروخت پر عائد پابندی کی مدت ختم ہونے پر منتقل کیا جائے گا‘۔

اس سے قبل بدھ کے روز اسپیس ایکس نے کہا تھا کہ وہ ہر فعال ’ٹرمپ اکاؤنٹ‘ میں اپنے ’کلاس اے کامن اسٹاک‘ کا ایک نیا جاری کردہ شیئر شامل کرے گی جبکہ ایلون مسک ذاتی طور پر بھی کمپنی کی جانب سے عطیہ کیے گئے حصص کے برابر شیئرز دیں گے۔

واضح رہے کہ ’ٹرمپ اکاؤنٹ‘ ایک ایسا پروگرام ہے جسے 18 سال سے کم عمر امریکیوں کو اسٹاک مارکیٹ میں شراکت فراہم کرنے میں مدد دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اکتوبر میں بتایا تھا کہ اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 کروڑ اکاؤنٹس کھولے جاچکے ہیں۔

بدھ کے روز اسپیس ایکس کے شیئر کی قیمت 127.44 ڈالر پر بند ہوئی جس کے حساب سے امریکی بچوں کو دیے جانے والے شیئرز کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P