پاکستان میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگئے
پاکستان میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگئے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق گیمز کی نئی تاریخوں کا اعلان جنوبی ایشیائی ممالک کی اولمپک کمیٹیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمز کی تاریخوں میں تبدیلی ایشیئن انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کے نئے شیڈول کے باعث کی جارہی ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایشیئن انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز اب 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 تک ہوں گے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دونوں ایونٹس میں ایتھلیٹس کی شرکت یقینی بنانے کے لیے جنوبی ایشیائی ممالک کی اولمپک کمیٹیاں نئی تاریخوں کے تعین کے لیے مشاورت کررہی ہیں، کوشش ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد میں کم سے کم تاخیر ہو۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق تاریخوں میں تبدیلی کے باوجود گیمز کی تیاریاں بدستور جاری ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، آرگنائزنگ کمیٹی اور حکومت پاکستان گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان میں 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کا انعقاد پہلے بھی متعدد مرتبہ تاخیر کا شکار ہوچکا ہے۔