ماضی کے جرم پر نئی سخت سزا لاگو نہیں کی جا سکتی: لاہور ہائیکورٹ

عدالت نے شہری کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر 9 لاکھ روپے ہتھیانے کے الزام میں ملزم محمد عباس کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امجد پرویز نے محمد عباس کی درخواست ضمانت پر 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان غنی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ 2025ء کی امیگریشن ترمیم کو ملزم کے خلاف اس مبینہ جرم پر لاگو نہیں کیا جا سکتا جو 2024ء میں کیا گیا تھا، کسی ایسے جرم پر بعد میں نافذ ہونے والے قانون کے تحت زیادہ سخت سزا نہیں دی جاسکتی جو جرم کے ارتکاب کے وقت نافذ العمل نہیں تھا۔

 

فیصلے میں کہا گیا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 12 کسی شخص کو اس جرم کے وقت مقرر سزا سے زیادہ یا مختلف نوعیت کی سزا دیئے جانے سے تحفظ فراہم کرتا ہے، سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں کی روشنی میں یہ اصول طے شدہ ہے کہ ماضی میں کئے گئے جرم پر بعد میں نافذ ہونے والی زیادہ سخت سزا کا اطلاق نہیں ہو سکتا۔

 

عدالت کے مطابق ایف آئی اے نے محمد عباس کے خلاف عمان میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر مدعیہ سے 9 لاکھ روپے ہتھیانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا، ایف آئی اے نے یہ مقدمہ 2025ء میں درج کیا، جبکہ مبینہ جرم 2024ء میں ہونے کا الزام ہے۔

 

جسثس امجد پرویز نے فیصلے میں لکھا کہ مقدمہ کی ایف آئی آر بھی تقریباً ایک سال کی تاخیر سے درج کی گئی، ایف آئی آر کے جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مبینہ رقم کی ادائیگی کی تاریخ، وقت اور جگہ کا واضح ذکر موجود نہیں، ایف آئی آر کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھی نے مدعیہ سے رقم نقد اور بینک ٹرانزیکشن کے ذریعے وصول کی، تاہم مدعیہ کو بیرون ملک نہیں بھیجا گیا اور نہ ہی وصول کی گئی رقم واپس کی گئی۔

 

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ مقدمے کے حالات اور ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کا مقدمہ مزید تحقیقات کے دائرے میں آتا ہے، عدالت نے مزید قرار دیا کہ ملزم کو مزید عرصہ جیل میں رکھنا ٹرائل سے قبل سزا دینے کے مترادف ہوگا۔

 

عدالت نے محمد عباس کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P