ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔
اس تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلیٰ ترک حکام کی شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان گہری محبت، یکجہتی اور برادرانہ تعلقات کے بلندیوں پر چھونے کی عکاسی ہوتی ہے۔
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں انقرہ میں پاکستان ہاؤس کے وسیع و خوب صورت احاطے میں منعقد ہونے والی اس پروقار اور شاندار تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچوق بایراکتار اولو، ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند طاطلی اولو، بری فوج کے کمانڈر جنرل متین توکل، فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اولو، سابق نائب وزیراعظم بلند آرنچ، سابق وزیر دریا یانک، جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (آق پارٹی) کے نائب چیئرمین اول افکان اعلیٰ، رلنِ پارلیمنٹ برہان قایا ترک، ہولوسی آقار اورپاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلیٰ ترک حکام ، متعدد ممالک کے سفراء ، سفارتی مشنز کے نمائندوں ،پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کرکے یومِ آزادی پاکستان کی تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے بجائے گئے۔ پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل سٹڈی گروپ اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں اور روایتی رقص پر مشتمل خوب صورت ثقافتی پروگرام پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر پاکستان کے حوالے سے ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں ملک کی تاریخ، تہذیبی و ثقافتی ورثے، قدرتی حسن، سیاحتی امکانات اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
