نمائش میں 40 نوجوان آرٹسٹوں کے 85 فن پارے پیش کیے گئے، جن میں ڈرائنگ، پینٹنگ، خطاطی اور دیگر مختلف میڈیمز میں تخلیق کیے گئے فن پارے شامل ہیں، نوجوان فنکاروں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ وژن کے ذریعے مختلف موضوعات کو خوبصورتی سے اجاگر کیا۔
سمر کیمپ کے نوجوان فنکاروں کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تیار کردہ پورٹریٹ بھی نمائش میں پیش کیا گیا، جس نے خصوصی توجہ حاصل کی، اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز شریف کا پورٹریٹ نوجوان آرٹسٹوں کی فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کا عکاس ہے۔
عظمیٰ بخاری نے نوجوان فنکاروں کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف میڈیمز میں پیش کیا گیا کام انتہائی متاثر کن ہے، نوجوان آرٹسٹوں کی تخلیقی صلاحیتیں اور فنکارانہ وژن قابلِ تحسین ہیں، ان کا کام دیکھ کر یقین ہے کہ یہی نوجوان مستقبل کے سٹار آرٹسٹ بنیں گے۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے کہا کہ الحمراء نئی نسل کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس مواقع فراہم کر رہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت حکومت پنجاب فنون و ثقافت کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے جبکہ نوجوان نسل کو فنون، ثقافت اور اپنی اقدار سے جوڑنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و ثقافت سید طاہر رضا ہمدانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء محمد نواز گوندل بھی موجود تھے، عظمیٰ بخاری نے نوجوان آرٹسٹوں سے ملاقات کی، ان کے فن پارے دیکھے اور ان کے کام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
عظمیٰ بخاری نے سمر کیمپ کے کلاس ٹیچرز عثمان خالد اور فاطمہ خان سے بھی ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شاباش دی، بعد ازاں انہوں نے سمر کیمپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔

