وزیراعلیٰ نے لاہور آمد پر جائیکا کے وفد کا خیرمقدم کیا، ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں، ترجیحی شعبوں میں اشتراک کار اور پنجاب میں جاری جائیکا کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
دورانِ ملاقات فیصل آباد میں واٹر سپلائی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ تعلیم، صحت، غذائیت، خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جائیکا کے تعاون سے فیصل آباد کی طرز پر واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور اربن انفراسٹرکچر ماڈل کو پنجاب کے دیگر شہروں تک توسیع دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا، انہوں نے زچہ و بچہ کی صحت، صاف پانی کی فراہمی، معیاری تعلیم، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جائیکا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اس شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ترقی کے لیے جائیکا کا اشتراک قابلِ تحسین ہے، جبکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی، تربیت اور ادارہ جاتی اصلاحات میں بھی اس کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، انہوں نے بچیوں اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کو حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیا۔
اس موقع پر جائیکا کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے کہا کہ ادارہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت، خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
