آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات میں پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہو گیا، ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے ووٹر ٹرن آؤٹ اور سیاسی جماعتوں کی درخواست پر 5 بجے کے بعد پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کی تھی، جس کے بعد مقررہ وقت 6 بجے پولنگ کا عمل اختتام پذیر ہوا۔
الیکشن حکام کے مطابق انتخابی نتائج کی وصولی اور ترسیل کا عمل مرحلہ وار جاری رہے گا، مختلف حلقوں سے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہونا شروع ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی نتائج کا اعلان مقررہ طریقہ کار کے مطابق کیا جائے گا۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں دوران پولنگ دربار بابا شادی شہید کے پولنگ سٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے پولنگ باکس چھین کر اسے آگ لگا دی، ڈی آر او کے مطابق جس بیلٹ باکس کو آگ لگائی گئی اس میں 232 ووٹ تھے۔
بابا شادی شہید کے ایک پولنگ اسٹیشن کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشن پر صورتحال نارمل رہی، دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوگی یا نہیں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
میرپور ضلع کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، 13 حلقوں میں 288 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ آئی پی پی اور آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹر رجسٹرڈ، جن میں سے 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ہزار 316 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 1241 انتہائی حساس، اور 724 حساس قرار دے گئے ہیں۔
الیکشن کی سکیورٹی کیلئے میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 اہلکار تعینات ہیں، پاک فوج کے 2100 جوان بھی الیکشن کی سکیورٹی پر مامور ہیں، انتخابات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرجسٹس (ریٹائرڈ غلام) مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں۔
آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کہیں کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو پولیس کارروائی کرتی ہے، سیاسی کارکنوں سمیت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز ، ڈی آئی جی پولیس میرپور ڈویژن کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 میرپور تین سٹی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 36 ، 37 ، 38 اور 39 کا دورہ کیا، عملہ سے گفتگو کی اور پولنگ کے عمل کو تسلی بخش قرار دیا۔
کوٹلی میں 2 پریذائیڈنگ افسران معطل، گرفتار کر لیا گیا
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے فیز میں الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے مبینہ دھاندلی کے الزامات سامنے آنے پر 2 پریزائیڈنگ افسران کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں معطل کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق 2 پریزائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز فوری تحویل میں لے لیے، ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کئے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار پریزائیڈنگ افسران کیخلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے، انتخابی عمل میں غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی، شفاف، غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدام جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں انتخاب روکنے اور وزیراعظم آزاد کشمیر اور چیف الیکشن کمشنر سے انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔
