حال ہی میں نمرہ مہرہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگر می بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور مستقبل کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران جب نمرہ مہرہ سے ان کے آئیڈیل کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے اپنے مستقبل کے شریکِ حیات کیلئے چند اہم خصوصیات کا ذکر کیا اور کہا کہ ہر خاتون کی طرح میری بھی کچھ ترجیحات ہیں، مادی آسائشوں سے زیادہ شخصیت اور اخلاق کو اہمیت دیتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک ایک مثالی شریکِ حیات وہ ہے جو نرم مزاج، خوش اخلاق اور شائستہ گفتگو کرنے والا ہو۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہونے والے شوہر میں سب سے اہم خوبی یہ دیکھنا چاہتی ہوں کہ وہ مشکل حالات میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے، گھبراہٹ یا اشتعال کا شکار نہ ہو، بلکہ ہر صورتحال کو دانشمندی، سکون اور خوش اخلاقی کے ساتھ سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
یاد رہے کہ نمرہ مہرہ نے اپنے فنی سفر کا آغاز مختلف ٹیلی وژن پروگرامز سے کیا، ابتدائی دنوں میں منفرد انداز میں موسیقی پیش کرنے کے باعث توجہ کا مرکز بنیں، گانے ’’ماہیہ وے‘‘ کی کامیابی نے انہیں شہرت کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
آج کل وہ مختلف ڈراموں کے او ایس ٹی گانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں اور ثقافتی میلوں میں بھی اپنی پرفارمنس سے مداحوں کو محظوظ کر رہی ہیں۔
