بھارت کے شہر بنگلورو میں قانون کی ایک طالبہ بوائے فرینڈ سے تعلق ختم کرنے پر مبینہ حملے میں زخمی ہونے کے تین روز بعد دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق 13 جولائی کو کوڈی ہلی کے علاقے میں رہائش گاہ کے قریب 22 سالہ امرتا پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دوران علاج چل بسی۔
تحقیقات کے مطابق امرتا قانون کی طالبہ تھی اس کی دوستی دھنوش نامی شخص سے ایک خاندانی جان پہچان کے ذریعے ہوئی تھی، تاہم امرتا نے یہ معلوم ہونے پر تعلق ختم کر دیا کہ دھنوش نے اپنی طلاق اور ایک بچے کا باپ ہونے کی حقیقت چھپائی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھنوش کے بھائی سوریا نے تعلق ختم کرنے کے فیصلے پر امرتا کو دھمکیاں دی تھیں۔ 13 جولائی کو اس نے مبینہ طور پر امرتا کا گھر کے قریب راستہ روکا، جہاں دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اس دوران سوریا نے امرتا کے سینے اور پیٹھ پر چاقو کے وار کیے اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے ملزم سوریا اور دھنوش دونوں کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردیں، جبکہ امرتا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
