Daily Mashriq
Mashriq Newspaper

بھارت کی پانی روکنے کی کوشش کے دور رس نتائج نکلیں گے: دفتر خارجہ

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ پانی روکنے کے کسی بھی اقدام کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا اور یہ ممکنہ طور پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت جنگی اقدام کے مترادف سمجھا جا سکتا ہے۔

 

بھارت کے وزیر توانائی سی آر پٹیل نے کہا تھا کہ آنے والے دنوں میں پانی کا ایک قطرہ بھی پاکستان نہیں جانے دیا جائے گا، بھارت اس پر کام کر رہا ہے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پانی کو روکنے یا اس میں نمایاں کمی لانے کی کوئی بھی کوشش، جو 25 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی روزی روٹی، زراعت اور فلاح و بہبود کے لیے ناگزیر ہے، انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہوگا، ایسا اقدام سرحد پار دریاؤں سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریوں اور پاکستان و بھارت کے درمیان موجود دوطرفہ معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہوگا۔

 

وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس تصور کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے کہ پانی کو سیاسی ہتھیار، دباؤ ڈالنے کے آلے یا زبردستی کے وسیلے کے طور پر استعمال کیا جائے، ایسا اقدام نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ اس سے باہر بھی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اگر ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرے کی ذمہ داری مکمل طور پر بھارت پر عائد ہوگی، پاکستان کے آبی وسائل سے متعلق حقوق اور مفادات ناقابلِ سمجھوتہ ہیں۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے ان حقوق کے دفاع کے لیے سفارتی، سیاسی، قانونی، اقتصادی اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دستیاب دیگر تمام ذرائع کو بھرپور انداز میں استعمال کرے گا، پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے ضروری پانی کو جان بوجھ کر روکنے کی کوئی بھی کوشش ایک نہایت سنگین اقدام ہوگی جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، جیسا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت پہلے ہی واضح کر چکی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ہر ریاست کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، اور پاکستان اپنی معیشت، قومی مفادات اور 25 کروڑ عوام کی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا، بھارت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے، اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام کرے اور ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کرے جو خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More