شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے بعد ملک کے مختلف علاقوں کے لیے بارشوں کی خوشخبری سامنے آگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 جون سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے زیر اثر 13 جون تک متعدد شہروں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ بلوچستان کے ژوب، قلعہ سیف اللہ اور دیگر علاقوں میں بھی آندھی اور بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے، جس سے شدید گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سمیت مظفرآباد اور راولاکوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، ہنزہ، اسکردو اور گردونواح میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ اوردیگراضلاع میں بھی آندھی اوربارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بالائی اضلاع سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، گھوٹکی اور ملحقہ علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردارکیا ہے کہ پنجاب کے بعض نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث پانی جمع ہونے اور مقامی سطح پراربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، لہٰذا متعلقہ ادارے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔