بنکاک میں ایک خوفناک ٹرین اور بس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ 32 زخمی ہو گئے۔ حادثے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز ایک ریلوے کراسنگ پر اس وقت پیش آیا جب ایک مال بردار ٹرین نے مسافر بس کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ قریب موجود کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی حادثے کی زد میں آ گئیں۔
حکام کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد بس میں سوار تھے، جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین بس سے ٹکرانے کے بعد دیگر گاڑیوں کو بھی پٹری پر گھسیٹتی ہوئی لے جاتی ہے، جبکہ تصادم کے فوراً بعد آگ اور دھوئیں کے بادل اٹھتے نظر آتے ہیں۔
پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام نے حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ریلوے کراسنگ پر حفاظتی انتظامات میں کہاں غفلت برتی گئی۔