این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان اور گلگت بلتستان میں متوقع بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ جبکہ گلگت بلتستان میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ بلوچستان کے زیارت، ہرنائی، سبی، موسیٰ خیل، شیرانی اور لورالائی میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
قومی شاہراہ این-50، این-65 اور این-70 پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے عوام اور متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہی فراہم کر رہا ہے، جبکہ مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔