عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھانی پڑیں، عطا تارڑ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھانی پڑیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہمیں تیل کی قیمتیں بڑھانی پڑیں، تاہم کوشش کر رہے ہیں اس کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سابق صدر پاکستان وتحریک پاکستان کے مخلص کارکن اور ادارہ نظریہ پاکستان کے سابق چیئرمین محمد رفیق تارڑ مرحوم کی چوتھی برسی کے موقع پر ادارہ نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ساجدہ فاروق تارڑ،بلال فاروق تارڑ، مجیب الرحمن شامی، لیگی رہنما ملک شہباز کھوکھر، میاں فاروق، اختر حسین قریشی، سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل، پروفیسر عابد شیروانی، سیف اللہ چوہدری، نسیم اللہ گردیزی سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد ریاست ہے جسے ہمارے آبائو اجداد نے لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا، دنیا میں دو ہی ریاستیں ہیں جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوئیں، ان میں ایک ریاست مدینہ اور دوسری مملکت خداداد پاکستان ہے، اس ملک کے قیام کے پیچھے ایک نظریہ تھا جس کی وجہ سے ہی آج ہم ایک آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں، انشا اللہ پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔

موجودہ عالمی حالات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور معرکہ حق میں دنیا ہماری طاقت کا اندازہ کرچکی ہے کہ کس طرح ہماری فوج نے اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبائے، دشمن اب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.