وزارت اطلاعات و نشریات نے امریکا کے سابق خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے اس دعوے کی تردید کر دی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ داعش خراسان (آئی ایس آئی ایس-کے) کے ایک کمانڈر کو پنجاب میں ہلاک کیا گیا ہے۔
اتوار کی رات خلیل زاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’پاکستان سے خوشخبری، داعش خراسان کے سینئر کمانڈر برہان المعروف زید کو پنجاب کے شہر اختر آباد کے علاقے پٹاک میں ہلاک کر دیا گیا ہے‘۔
اس پوسٹ کے جواب میں وزارت اطلاعات و نشریات کے سرکاری فیکٹ چیکنگ اکاؤنٹ نے کہا کہ مذکورہ واقعہ اختر آباد میں نہیں بلکہ 2 مارچ کو ضلع قصور کے علاقے حبیب آباد میں پیش آیا تھا۔
وزارت نے کہا کہ ہلاک ہونے والا شخص برہان ڈکیتی/چوری کی واردات یا ذاتی دشمنی کی وجہ سے قتل ہوا تھا، یہ کوئی انسداد دہشت گردی آپریشن نہیں تھا جب کہ اس واقعے کی ایف آئی آر 6 مارچ کو تھانہ صدر پتوکی میں درج کی گئی تھی۔