اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔  وفاقی دارالحکومت پہنچنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اردن کے بادشاہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وفاقی وزیر مصدق ملک سمیت دیگر وزرا وسیکریٹریز موجود تھے۔ وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

وزیرِ اعظم ہاؤس میں شاہ عبداللہ دوم کی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوگی اور وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث ہوگا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.